شکارپور: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے سیاسی مخالفین کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ شکست خوردہ عناصر پیپلز پارٹی کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہو کر اسے سازشوں کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ شکارپور میں ہائبرڈ بسوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پیپلز پارٹی کے ترقیاتی ایجنڈے کا دفاع کیا۔
صوبائی وزیر نے شہر کے لیے جدید ایئر کنڈیشنڈ بسوں کا افتتاح کیا اور کہا کہ یہ ہائبرڈ بسیں مہنگائی کے دور میں عوام کو انتہائی کم کرائے میں باعزت اور آرام دہ سفر کی سہولت دیں گی۔پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کے ہر شہر کو جدید سفری سہولیات سے جوڑنے کے مشن پر گامزن ہے۔
شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے بہترین اور جدید ترین اسپتال سندھ میں ہیں جہاں ملک بھر سے لوگ علاج کے لیے آتے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ریکارڈ ترقیاتی کاموں کے باوجود پیپلز پارٹی کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے اور بے بنیاد میڈیا ٹرائل کے ذریعے حقائق مسخ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ سیاسی مخالفین کو الیکشن میں عبرتناک شکست ہوئی ہے، اسی لیے وہ اب تنقید کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ ہم سازشوں کا جواب صرف اور صرف عوامی خدمت سے دیں گے۔
پیپلز پارٹی کا میڈیا ٹرائل بند کیا جائے، ہم کام کر کے دکھاتے ہیں: شرجیل انعام میمن
02:50 PM, 17 Apr, 2026