واشنگٹن : پاکستان کے معاشی افق پر چھائے خدشات دور ہو گئے۔ سعودی عرب نے پاکستان کے مرکزی بینک میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کو رول اوور کرنے کا باقاعدہ معاہدہ کر لیا ہے، جس سے بیرونی ادائیگیوں کے شدید دباؤ میں کمی واقع ہوئی ہے۔
واشنگٹن میں منعقدہ تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور سعودی فنڈ برائے ترقی کے چیف ایگزیکٹو نے معاہدے پر دستخط کیے۔ وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی اس اہم موقع پر شرکت کی۔سٹیٹ بینک نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب سے مزید 2 ارب ڈالر کے نئے ڈیپازٹس بھی موصول ہو گئے ہیں، جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں یکدم بڑی کمی کا خطرہ مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔
پاکستان کو رواں ماہ متحدہ عرب امارات (UAE) کو ساڑھے 3 ارب ڈالر واپس کرنے ہیں، جس کے لیے یو اے ای نے فی الحال رول اوور سے معذرت کر رکھی ہے۔ ایسے میں سعودی عرب کی جانب سے مجموعی طور پر 5 ارب ڈالر کا سہارا پاکستان کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوا ہے۔محمد اورنگزیب نے اس تعاون کو پاک سعودی برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی اس مدد سے عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد مزید بڑھے گا اور ملکی معیشت کو استحکام ملے گا۔
ملکی معیشت کو استحکا م، 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس رول اوور
09:32 AM, 17 Apr, 2026