پی سی بی میں نوکری مانگنا مجھے زیب نہیں دیتا: شاہد آفریدی

11:11 PM, 17 Apr, 2025

گلگت بلتستان:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ اگر وہ اپنے ذاتی تعلقات یا روابط کو استعمال کرتے تو آج پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ہوتے، لیکن انہیں عہدے یا کرسی کا کوئی لالچ نہیں۔

گلگت بلتستان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ عزت کے ساتھ جینے پر یقین رکھتے ہیں، اور چاہتے ہیں کہ اگر کبھی موقع ملے تو ملک اور کھلاڑیوں کے مفاد میں خدمات انجام دیں، نہ کہ کسی ذاتی فائدے کے لیے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں نہ پی سی بی کی نوکری چاہیے، نہ ہی کسی معاہدے میں دلچسپی ہے، ان کے پاس سب کچھ ہے اور وہ صرف ملک کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔

شاہین آفریدی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر وہ اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے تو آج بورڈ کے چیئرمین ہوتے، لیکن انہیں ایسی چیزوں سے کوئی دلچسپی نہیں۔

شاہد آفریدی نے ڈومیسٹک کرکٹ سسٹم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے نچلی سطح پر باصلاحیت افراد کی ضرورت ہے تاکہ میرٹ پر نوجوانوں کو مواقع مل سکیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پی سی بی کا چیئرمین ہمیشہ سیاسی بنیادوں پر مقرر کیا جاتا ہے، اور جب تک چہروں کے بجائے نظام کو تبدیل نہیں کیا جاتا، مسائل حل نہیں ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ٹیم کامیاب ہوتی ہے تو سب خود کو اس کا کریڈٹ دیتے ہیں، لیکن جب ہار ہوتی ہے تو ایک دوسرے پر الزام تراشی کی جاتی ہے، جو درست طریقہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی، کوچ اور کپتان کو اپنی کارکردگی کی ذمہ داری لینی ہوگی۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ آج کی ٹیم میں میچ جتوانے والے کھلاڑیوں کی کمی ہے، ماضی میں ٹیم میں کئی ایسے کھلاڑی ہوتے تھے جو تنہا میچ کا پانسہ پلٹ دیتے تھے، لیکن اب سارا بوجھ بابر یا شاہین پر ڈال دینا مناسب نہیں۔

آخر میں انہوں نے گلگت بلتستان کی حکومت سے اپیل کی کہ یہاں کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے مکمل سہولیات کے ساتھ کم از کم دو سے تین کرکٹ گراؤنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ مقامی ٹیلنٹ کو فروغ مل سکے۔

مزیدخبریں