لاہور:آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر شاندار فتح سمیٹ لی۔ اس کامیابی کے ساتھ گرین شرٹس ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست کارکردگی دکھاتے ہوئے مسلسل چار کامیابیاں حاصل کی ہیں، جبکہ آخری لیگ میچ 19 اپریل کو بنگلہ دیش کے خلاف شیڈول ہے۔
آج کے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 205 رنز بنائے۔ اوپنر سدرہ امین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 80 رنز بنائے، جب کہ کپتان فاطمہ ثنا نے دھواں دار 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
جواب میں تھائی لینڈ کی ٹیم 118 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ قومی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، فاطمہ ثنا، نشرا سندھو اور رامین شمیم نے 3،3 شکار کیے جبکہ سادیہ اقبال نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔