اسلام آباد:وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26 کا بجٹ عید الاضحیٰ سے پہلے قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق عید کی تعطیلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ اجلاس قبل از وقت بلانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
امکان ہے کہ بجٹ 3 سے 5 جون کے درمیان پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا، اور یہ عید سے دو یا تین روز پہلے ہو سکتا ہے۔ بجٹ کی منظوری کا عمل عید کے فوراً بعد شروع کیا جائے گا۔
آئندہ بجٹ سے متعلق مشاورت کے لیے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد 14 مئی کو پاکستان پہنچے گا، جہاں سالانہ ریونیو، ترقیاتی اہداف اور دیگر اہم نکات پر بات چیت کی جائے گی۔
مزید یہ کہ وزیر خزانہ عالمی مالیاتی اداروں سے ملاقات کے لیے آئندہ ہفتے امریکہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف کی اسپرنگ میٹنگز میں شرکت کریں گے، جو 21 سے 26 اپریل تک واشنگٹن میں ہوں گی۔