پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 15سال بعد سفارتی رابطہ ، باہمی تعلق کے حوالے سے نئے امکانات کا جائزہ

08:29 PM, 17 Apr, 2025

ڈھاکا  :پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 15 برس کے وقفے کے بعد خارجہ سیکریٹری سطح کے چھٹے مشاورتی مذاکرات ڈھاکا میں منعقد ہوئے۔ اس موقع پر پاکستان کی نمائندگی سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کی جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے سیکریٹری خارجہ محمد جاشم الدین نے وفد کی قیادت کی۔

یہ اہم ملاقات ڈھاکا کے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس پدما میں ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے وفود نے شرکت کی۔ مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے اور دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورت حال، اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

دونوں ممالک نے تجارتی مواقع اور مستقبل کے اشتراک پر بات کی، جبکہ نئی راہیں تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

بنگلہ دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر اقبال حسین نے کہا کہ پاکستان کپاس، چینی، چاول اور گندم جیسی اشیاء کی برآمد بڑھانے کا خواہش مند ہے، بشرطیکہ ان کی قیمتیں متوازن ہوں۔

آمنہ بلوچ نے بعد ازاں بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس سے بھی ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، نوجوانوں کے روابط، علاقائی تعاون اور سارک تنظیم کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے امور خارجہ کے مشیر توحید حسین سے بھی ملاقات کی، جہاں علاقائی امور اور تجارتی و اقتصادی تعاون زیرِ بحث آئے۔ آمنہ بلوچ بنگلہ دیش کے تھنک ٹینکس سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔

اس کے علاوہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار بھی رواں ماہ کے آخر میں ڈھاکا کا دورہ کریں گے۔ ساتواں مشاورتی دور 2026 میں اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔

مزیدخبریں