بیجنگ : ٹک ٹاک صرف ایک ویڈیو ایپ نہیں رہی، اب یہ آہستہ آہستہ سرچ انجن کا کردار بھی ادا کرنے لگی ہے۔ حال ہی میں ٹک ٹاک نے اپنی ایپ کے اندر ایک نیا فیچر متعارف کروایا ہے جس کی مدد سے صارفین مختلف جگہوں کے ریویوز ویڈیوز کے کمنٹس میں ہی دیکھ سکیں گے۔
یہ فیچر ابھی آزمائشی مراحل میں ہے، لیکن جن صارفین کو یہ فیچر مل چکا ہے، وہ جب کسی مقام سے متعلق ویڈیو دیکھتے ہیں، تو کمنٹس کے ساتھ ایک نیا ٹیب "Reviews" کے نام سے نظر آتا ہے۔ اس میں وہ جگہ کی اسٹار ریٹنگ، دوسرے صارفین کے تبصرے اور ان کی شیئر کردہ تصاویر بھی دیکھ سکتے ہیں۔
مثال کے طور پر اگر کوئی صارف "سینٹرل پارک نیویارک" کی ویڈیو دیکھ رہا ہو، تو اسے وہیں پر پارک کے بارے میں دوسرے لوگوں کی رائے اور تجربات نظر آئیں گے، بغیر گوگل کھولے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ آپ جس بندے کا ریویو دیکھ رہے ہوں، اس کے یوزر نیم پر کلک کرکے اس کی پروفائل بھی کھول سکتے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب ٹک ٹاک نے گوگل کو چیلنج کیا ہو۔ 2022 میں خود گوگل کے ایک نمائندے نے کہا تھا کہ نوجوان اب معلومات حاصل کرنے کے لیے گوگل کے بجائے ٹک ٹاک کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اور اب جب ریویوز، امیج سرچ اور لوکیشن انفارمیشن بھی ٹک ٹاک پر ملنے لگے، تو ظاہر ہے مقابلہ مزید سخت ہو گیا ہے۔
ٹک ٹاک نے 2024 میں امیج سرچ کا فیچر بھی لانچ کیا تھا، جس سے صارفین کسی تصویر سے متعلق معلومات بھی تلاش کر سکتے ہیں۔ٹک ٹاک تیزی سے ایک ایسے پلیٹ فارم میں بدل رہا ہے جہاں صرف ویڈیوز نہیں، بلکہ معلومات، ریویوز اور سرچنگ بھی ممکن ہو رہی ہے — اور یہ بات گوگل جیسے بڑے پلیئرز کے لیے یقیناً غور طلب ہے۔