اسلام آباد: پاکستان اور ہنگری کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ یہ تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جہاں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ہنگری کے وزیر خارجہ نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
دونوں ممالک نے ویزہ فری ڈپلومیٹک پاسپورٹ، آثار قدیمہ اور ثقافتی ورثے کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ ہنگری اور پاکستان کے تعلقات میں مزید بہتری آ رہی ہے، اور ہنگری کے سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں بہت مواقع ہیں۔ انہوں نے ہنگری کا شکریہ بھی ادا کیا جس نے جی ایس پی پلس کی حمایت کی۔
ہنگری کے وزیر خارجہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات کی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان کو ایک قابل اعتماد اتحادی قرار دیتے ہوئے عالمی مسائل پر ایک ساتھ کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔