غزہ : غزہ میں اسرائیلی حملے تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔ تازہ ترین بمباری میں پناہ گزینوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے کئی خیمہ بستیاں جل کر راکھ ہوگئیں۔ ان حملوں میں مزید 45 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں ایک صحافی اور ایک ہی خاندان کے 10 افراد بھی شامل ہیں۔ درجنوں زخمی ہیں، کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
خان یونس اور المواصی جیسے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جہاں پناہ کے لیے لگائے گئے خیمے بھی اب محفوظ نہیں رہے۔ شہدا کی مجموعی تعداد 51 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ دوسری طرف شمالی غزہ میں حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی فوج پر حملہ کیا، جس میں تین ٹینک تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ حماس نے دوٹوک پیغام دیا ہے کہ جب تک اسرائیل مکمل انخلا نہیں کرتا، سیز فائر کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ادھر اسرائیلی وزیر دفاع نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ کے کئی علاقوں میں "غیر معینہ مدت" تک موجود رہے گی، اور کسی بھی قسم کی انسانی امداد کو غزہ میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔