بہاولپور : ایران میں فائرنگ کے ذریعے قتل ہونے والے 8 پاکستانیوں کی لاشیں اب بہاولپور ایئرپورٹ پہنچا دی گئی ہیں۔ خصوصی طیارے کے ذریعے میتوں کو پاکستان لایا گیا، جہاں یہ ورثا کے حوالے کر دی گئیں تاکہ ان کی تدفین کی جا سکے۔
قتل ہونے والوں میں دانش، دلشاد، جعفر، ناصر، نعیم، محمد خالد اور محمد جمشید شامل ہیں۔ ان افراد کا تعلق مختلف علاقوں سے تھا ، 5 کا تعلق بہاولپور کے علاقے خانقاہ شریف سے، 2 کا احمدپور شرقیہ سے اور ایک کا تعلق مسافر خانہ سے تھا۔ احمدپور شرقیہ کے دونوں مقتولین کی نماز جنازہ بھی ادا کر دی گئی ہے۔
یہ واقعہ ایران کے شہر سیستان میں پیش آیا، جہاں 8 پاکستانی مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ اس واقعے پر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پاکستانیوں کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ عباس عراقچی نے یقین دلایا کہ مقتولین کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔