این اے 213 عمر کوٹ میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری

10:33 AM, 17 Apr, 2025

عمرکوٹ:  عمرکوٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے، جو صبح 8 بجے سے لے کر شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ انتخاب کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کے ساتھ رینجرز بھی تعینات ہے۔

 پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے صباء تالپر میدان میں ہیں، جبکہ ان کے مقابلے میں اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار لال چند مالہی ہیں۔ الیکشن میں کل 18 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جن میں پی ٹی آئی، جی ڈی اے، جے یو آئی اور جماعت اسلامی کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں 6 لاکھ 8 ہزار 997 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جن کے لیے 498 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 269 کو حساس اور 91 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

ضمنی انتخاب کے باعث ضلع بھر میں آج عام تعطیل ہے تاکہ ووٹرز باآسانی اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ خیال رہے کہ یہ نشست نواب یوسف تالپر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی، جو پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور اسی حلقے سے رکن قومی اسمبلی تھے۔

مزیدخبریں