مکہ اور مدینہ پر حوثی حملے، او آئی سی کا سعودی عرب سے مکمل اظہار یکجہتی

10:50 AM, 16 Sep, 2026

 جدہ: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاقوں پر حوثی گروپ کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

 او آئی سی نے کہا ہے کہ مقدس مقامات، مساجد اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں دہشت گردی کے مترادف اور اسلامی اقدار و عالمی قوانین کے منافی ہیں۔

 اسلامی تعاون تنظیم نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

 او آئی سی نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ پوری امت مسلمہ کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ سعودی عرب کو مقدس مقامات، شہریوں اور زائرین کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کا حق حاصل ہے۔

 تنظیم نے مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس طرح کے حملوں کی روک تھام اور زائرین کی سلامتی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزیدخبریں