مکہ مکرمہ میں ڈرون حملہ، وزیراعظم شہباز شریف کی شدید مذمت

11:11 AM, 16 Sep, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس ہر پاکستانی کے دل کے بہت قریب ہے، جبکہ پاکستانی عوام اس اشتعال انگیز اقدام پر گہرے دکھ اور تشویش میں مبتلا ہیں۔

وزیراعظم نے سعودی مسلح افواج کی غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی افواج نے فوری اور بہادرانہ کارروائی کے ذریعے خطرے کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خطہ پہلے ہی تنازعات کی بھاری قیمت ادا کر چکا ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ مکالمہ اور سفارت کاری ہی پائیدار امن کے حصول کا قابلِ عمل راستہ ہے۔

مزیدخبریں