امریکہ : جنرل موٹرز اپنی نئی 2027 شیورلیٹ سلویراڈو اور جی ایم سی سیرا میں انفوٹینمنٹ اور ڈرائیور اسسٹ ٹیکنالوجی کو مزید جدید بنانے جا رہی ہے۔
نئے ماڈلز میں سکرین انٹرفیس کو زیادہ قابلِ استعمال بنایا گیا ہے، جہاں ڈرائیور اپنی ضرورت کے مطابق شارٹ کٹس اور اہم کنٹرولز ترتیب دے سکے گا۔ گیراج ڈور، ٹریکشن کنٹرول، آف روڈ ایکسیسریز اور ٹریلر سے متعلق فیچرز تک بھی فوری رسائی ممکن ہوگی۔
ٹرکس میں مختلف زاویوں سے 19 کیمرا ویوز فراہم کیے جائیں گے۔ آف روڈ ورژنز میں گاڑی کے نیچے کی نگرانی کے لیے اضافی کیمرے بھی شامل ہوں گے، جبکہ ٹریلر پر نصب کیمروں کو بھی سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جاسکے گا۔
دونوں گاڑیوں میں پہلی مرتبہ فرنٹ پیسنجر سکرین بھی شامل کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے مسافر یوٹیوب، ڈزنی پلس، ہولو اور دیگر تفریحی سروسز استعمال کرسکے گا۔ HDMI کنکشن کے ذریعے لیپ ٹاپ کو اضافی ڈسپلے کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
شیورلیٹ اور جی ایم سی کے درمیان برانڈ کی الگ شناخت برقرار رکھنے کے لیے دونوں گاڑیوں کے گرافکس اور انٹرفیس ڈیزائن بھی مختلف رکھے گئے ہیں۔
نئی سلویراڈو اور سیرا کی مارکیٹ لانچ 2026 کے آخر میں متوقع ہے۔