میسی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایک بار پھر ارجنٹینا کی ٹیم میں واپسی

12:00 PM, 16 Sep, 2026

ارجنٹینا : فٹبال کے عالمی سپر سٹار لیونل میسی ایک بار پھر ارجنٹینا کی قومی ٹیم کی جرسی میں دکھائی دیں گے، جہاں انہیں شاندار بین الاقوامی کیریئر کے بعد باضابطہ طور پر الوداع کہا جائے گا۔

ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق 39 سالہ میسی 6 اکتوبر کو بیونس آئرس کے مونومینٹل سٹیڈیم میں بینن کے خلاف میچ میں ایکشن میں ہوں گے۔ اے ایف اے کے صدر کلاڈیو تاپیا نے بتایا کہ کوچ لیونل اسکالونی سے مشاورت کے بعد میسی کو الوداعی میچ کی دعوت دی گئی، جسے انہوں نے قبول کرلیا۔

میسی نے ارجنٹینا کی جانب سے 207 میچز میں 125 گول سکور کیے ہیں اور 2022 کے ورلڈ کپ میں ٹیم کی تاریخی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

میسی کے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام باقاعدہ الوداع کے بغیر ہوا تھا، تاہم اب انہیں اپنے ہوم گراؤنڈ پر شائقین کے سامنے آخری بار کھیلنے کا موقع ملے گا۔

اس موقع کو یادگار بنانے کے لیے 2022 ورلڈ کپ جیتنے والی ارجنٹینا کی ٹیم کے کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کو بھی تقریب میں مدعو کیا جائے گا، جس سے میسی کا الوداعی میچ مزید خصوصی بننے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں