لاہور : قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار بیٹر بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی فارم کی بحالی کے لیے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم جاری پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی ٹیم کی جانب سے بطور گیسٹ پلیئر کھیلیں گے۔
بتایا جا رہا ہے کہ بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے تاکہ وہ طویل فارمیٹ کی کرکٹ کے لیے اپنی بیٹنگ فارم اور ردھم بہتر بنا سکیں۔ پی سی بی نے ان کی درخواست پر او جی ڈی سی ایل کے ساتھ ان کی شمولیت کا انتظام کیا۔
بابر اعظم کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں حالیہ عرصہ مشکلات سے بھرپور رہا ہے۔ دسمبر 2022 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں 161 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد وہ تاحال ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
2023 سے اب تک 39 ٹیسٹ اننگز میں بابر اعظم کی بیٹنگ اوسط 30.43 رہی ہے، جبکہ اس دوران ان کے بلے سے آٹھ نصف سنچریاں سامنے آئی ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں بھی بابر اعظم بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، جس کے بعد ان کی بیٹنگ تکنیک پر ایک بار پھر بحث شروع ہوئی۔ سابق کرکٹرز کی جانب سے خاص طور پر شارٹ پچ گیندوں کے خلاف ان کی مشکلات کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں بابر اعظم کی واپسی بھی خاص اہمیت رکھتی ہے۔ وہ آخری مرتبہ 2019 میں قائداعظم ٹرافی کے دوران سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے فرسٹ کلاس میچ میں نظر آئے تھے، جب ان کی ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
ادھر فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر عامر جمال بھی بطور گیسٹ پلیئر ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے رہے ہیں اور ایم آئی ٹی ایس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔