جیمنائی ایپ امریکہ اور دیگر ممالک میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپ بن گئی

07:04 PM, 16 Sep, 2025

کیلیفورنیا: گوگل نے اپنی جیمنائی ایپ اور ویب پورٹل میں ایک جدید اور آسان اے آئی امیج ایڈیٹر "نانو بنانا" متعارف کروایا ہے، جو اب چیٹ جی پی ٹی کے لیے بھی ایک مضبوط حریف بن چکا ہے۔ اس کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ تھری ڈی فگرین کے مشہور ٹرینڈ نے بنائی ہے۔

نانو بنانا کو اگست 2025 کے آخر میں لانچ کیا گیا تھا، جو صارفین کو اپنی تصاویر کو منفرد اور دلچسپ انداز میں تبدیل کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ اس ٹول کے ذریعے آپ گھر کی دیواروں پر مختلف رنگوں کی پینٹنگز دیکھ سکتے ہیں، اپنے آپ کو 60 کی دہائی کے فیشن میں ڈھال سکتے ہیں، یا یہ جان سکتے ہیں کہ مستقبل میں آپ کے چہرے پر جھریاں کیسے ظاہر ہوں گی۔

گوگل لیبز اور جیمنائی کے نائب صدر جوش ووڈ وارڈ کے مطابق، نانو بنانا کے لانچ کے بعد صرف دو ہفتوں میں جیمنائی ایپ کے صارفین کی تعداد میں 23 ملین اضافہ ہوا، جبکہ اس دوران 5 ارب سے زائد تصاویر کی ایڈیٹنگ کی گئی۔

جیمنائی ایپ امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، فرانس، آسٹریلیا، جرمنی، اٹلی اور بھارت سمیت دنیا کے کئی بڑے ممالک میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ بن گئی ہے، اور چیٹ جی پی ٹی اب دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

بہت زیادہ استعمال کی وجہ سے گوگل نے عارضی طور پر نانو بنانا امیج ایڈیٹر پر پابندی بھی لگا دی ہے تاکہ سروس کی کارکردگی کو برقرار رکھا جا سکے۔

نانو بنانا کی مقبولیت کی بنیادی وجہ اس کا سادہ، تیز اور صارف دوست انٹرفیس ہے، جس کی بدولت ہر کوئی آسانی سے اپنی تصاویر میں تبدیلیاں کر سکتا ہے۔ تھری ڈی فگرین فیچر نے اس ٹول کو مزید مقبول بنانے میں خاص کردار ادا کیا ہے۔

مزیدخبریں