کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں 13 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں جو فروری 2026 تک صوبے کی گندم کی طلب کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔
یہ بات انہوں نے گندم کے ذخائر اور ضروریات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں کہی، جس میں وزیر آبپاشی جام خان شورو اور وزیر زراعت محمد بخش مہر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سندھ اور بلوچستان کی مشترکہ ماہانہ گندم کی مقدار 4 لاکھ ٹن کے قریب ہے، جبکہ مارچ میں نئی گندم کی فصل متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں اس وقت 6 لاکھ ٹن گندم موجود ہے، اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسٹریٹجک ذخائر کی مناسب تیاری یقینی بنائی جائے تاکہ ضرورت کے وقت گندم کی فراہمی متاثر نہ ہو۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک کو بھی ہدایت دی کہ گندم کی ریلیز کے لیے پالیسی مرتب کی جائے اور صوبے میں آٹے کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔