ٹی ایل پی سے آخری لمحات تک مذاکرات جاری رہے، غیر معمولی مطالبات کے باعث معاہدہ نہ ہو سکا: وفاقی وزرا

وزیراطلاعات، وزیرداخلہ اور وزیر مذہبی امور کی پریس کانفرنس، مسلح مظاہروں کی مذمت

08:06 PM, 16 Oct, 2025

اسلام آباد :وفاقی حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احتجاج سے متعلق اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم کے ساتھ آخری وقت تک بات چیت جاری رہی، لیکن بعض غیر معمولی شرائط، خصوصاً بعض زیر حراست افراد کی رہائی جیسے مطالبات کے باعث مذاکرات کامیاب نہ ہو سکے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اور وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹی ایل پی کے حالیہ احتجاج پر حکومت کا مؤقف پیش کیا۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ فلسطین میں جنگ بندی کے بعد خود غزہ میں عوام خوشیاں منا رہے ہیں، ایسے میں پاکستان میں احتجاج کو پرتشدد رخ دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہا"تحریک لبیک نے اسلحے سے لیس ہو کر سڑکوں پر آ کر نہ صرف قانون شکنی کی بلکہ نجی و سرکاری املاک کو نقصان بھی پہنچایا۔

انہوں نے جماعت اسلامی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی فلسطین کے حق میں مظاہرہ کیا، مگر پُرامن انداز میں، جو آئینی دائرے میں رہ کر کیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ٹی ایل پی قیادت سے آخری وقت تک مذاکرات جاری رہے۔ ان کے مطابق ٹی ایل پی کے نمائندے ڈھائی بجے شب تک حکومتی ٹیم کے ساتھ بات چیت میں مصروف رہے۔"ہم نے ہر موقع پر انہیں کہا کہ واپس چلے جائیں، احتجاج ختم کریں، لیکن انہوں نے مسلسل اپنی شرائط میں سختی پیدا کی، جن میں بعض دہشتگردوں کی رہائی جیسا مطالبہ بھی شامل تھا۔

وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ پرتشدد ردعمل صرف ان افراد کے خلاف ہوا جو مسلح تھے، فائرنگ کر رہے تھے یا پرتشدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ فلسطین میں جنگ بندی ہو چکی ہے اور وہاں کے عوام بھی اب پرامن حالات کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا اگر یہاں کوئی گروہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرے، پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث ہو اور عوام کے جان و مال کو خطرے میں ڈالے تو ریاستی ردعمل ضروری ہو جاتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے کسی مسجد، مدرسے، یا عالم دین کو نشانہ نہیں بنایا، اور صرف ان عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی جو براہ راست پرتشدد مظاہروں کی قیادت کر رہے تھے۔

وزیر مذہبی امور نے علما سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے خطبوں میں فلسطین میں جنگ بندی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں اور قوم کو اتحاد اور نظم و ضبط کا پیغام دیں۔

مزیدخبریں