اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں کہا ہے کہ حالیہ سرحدی تنازعے میں پاکستان نے بھرپور جواب دیا ہے اور افغانستان نے حملے کے بعد سیز فائر کی درخواست کی ہے۔ اب صورتحال افغان حکومت کے ہاتھ میں ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے اور پاکستان نے کئی بار افغان قیادت سے معاملات حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع نے بھی متعدد دورے کیے، لیکن بدقسمتی سے افغان حکومت نے کشیدگی بڑھانے کا راستہ اختیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور افغانستان کے ساتھ جائز اور منصفانہ شرائط پر مذاکرات کے لیے تیار ہے تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے فلسطین کی آزادی کے حوالے سے پاکستان کے واضح موقف کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا بھرپور حامی ہے۔اسی کے ساتھ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو قسط کی منظوری پر اظہار تشکر کیا۔