پشاور ہائی کورٹ نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی 18 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی

01:25 PM, 16 Oct, 2025

پشاور: پشاور ہائی کورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا، سہیل آفریدی کی 18 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات بھی طلب کیں اور حکم دیا کہ انہیں کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس نعیم انور پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت، جسٹس اعجاز انور نے استفسار کیا کہ وزیر اعلیٰ کس ایف آئی آر میں نامزد ہیں؟ ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ انہیں اس بارے میں مکمل معلومات نہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ ان کے خلاف بھی ایف آئی آر درج ہو۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے جا رہے ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ یہ ملاقات ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی نمائندگی کرتے ہیں اور جنہیں انہیں ملاقات کرنے نہیں دینے کا حق سمجھا جا رہا ہے، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ وہ وزیراعلیٰ ہیں۔سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ کابینہ کی جاری کردہ فہرست جعلی ہے اور وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت کے بعد اپنی کابینہ کو فائنل کریں گے۔

مزیدخبریں