سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات 2025 کا آغاز، پولنگ کا عمل جاری

09:42 AM, 16 Oct, 2025

اسلام آباد: سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات 2025 کا آغاز آج صبح 8:30 بجے سے ہو چکا ہے اور شام 5 بجے تک پولنگ جاری رہے گی۔ اس سال انتخابات میں سپریم کورٹ بار کے مختلف عہدوں کے لیے وکلا کے درمیان مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

صدر کے عہدے پر ہارون الرشید اور توفیق آصف ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں، جبکہ سیکرٹری کی سیٹ پر میاں عرفان اکرم اور ملک زاہد اسلم اعوان کا مقابلہ ہو رہا ہے۔ نائب صدر پنجاب کی سیٹ پر محمد حبیب قریشی، چوہدری ارشد حسین اور خالد مسعود سندھو کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔

پولنگ کے عمل کے دوران ملک بھر میں 13 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں 4,379 وکلا اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ لاہور میں 1,460، اسلام آباد و راولپنڈی سے 805، خیبرپختونخوا سے 593، سندھ سے 741، بلوچستان سے 322، ملتان سے 315 اور بہاولپور سے 145 وکلا ووٹ ڈالیں گے۔

انتخابات کے نتائج کا فیصلہ بار کے آئندہ انتظامی فیصلوں میں اہم کردار ادا کرے گا اور سپریم کورٹ بار کی قیادت کے مستقبل کا تعین کرے گا۔

مزیدخبریں