اردن کے شاہ عبداللہ دوم کا پاکستان کے دفاعی مرکز کا دورہ، آرمی چیف کو اعلیٰ فوجی اعزاز سے نواز دیا

08:05 PM, 16 Nov, 2025

راولپنڈی: اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم، جو سپریم کمانڈر آف جارڈن آرمڈ فورسز بھی ہیں، نے پاکستان کے دفاعی صنعتی ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (GIDS) کا دورہ کیا۔ شاہ کے ہمراہ شہزادی سلمیٰ اور اعلیٰ سول و عسکری وفد بھی موجود تھا، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شاہی مہمانوں کا استقبال کیا اور پاکستان اور اردن کے درمیان دفاعی شراکت داری کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

دورے کے دوران آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو شاہ عبداللہ دوم کی جانب سے Order of the Military Merit (First Degree) سے نوازا گیا۔ مہمانوں کو دفاعی پیداوار، جدید ٹیکنالوجی اور GIDS کی صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

شاہی مہمانوں نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا بھی دورہ کیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے وزیرِ دفاعی صنعت بھی شریک تھے۔ دورے کے دوران مشترکہ فائر پاور اور مینوور ایکسرسائز، کثیرالجہتی آپریشنز، کنوینشنل فائر پاور اور سپیکٹرم وارفیئر کے مظاہرے پیش کیے گئے۔

شاہ عبداللہ دوم نے پاکستانی افواج کی تربیت، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اردن کے بادشاہ اور اردن کے عوام کے لیے پاکستان کے احترام اور محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی اور خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کی عکاسی کرتا ہے۔

مزیدخبریں