وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا رواداری کے عالمی دن پر پیغام

03:27 PM, 16 Nov, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رواداری اور برداشت کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ لوگوں کے درمیان افہام و تفہیم اور محبت کے ذریعے رواداری کو فروغ دینا وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور تشدد کے دور میں رواداری اور برداشت کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ ہو چکی ہے۔

اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا، "نفرت، عدم برداشت اور اختلافات کا خاتمہ صرف محبت، اتفاق اور برداشت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔" ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دنیا کو رواداری کی طرف قدم بڑھانے کا عہد کرنا چاہیے تاکہ ہم سب ایک بہتر، پرامن اور محبت بھری دنیا میں رہ سکیں۔

انہوں نے نبی اکرمؐ کی زندگی کو رواداری اور برداشت کا بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ "آپؐ نے اپنے دشمنوں کے ساتھ بھی رواداری کا مظاہرہ کیا اور دین اسلام ہمیں ہمیشہ پرامن رہنے اور رواداری اختیار کرنے کا درس دیتا ہے۔" مریم نواز نے مزید کہا کہ معاشرہ ان رویوں کی تلاش میں ہے جو رواداری اور برداشت کی بنیاد پر ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ منفی رویوں سے نہ صرف خاندان بلکہ پورا معاشرہ متاثر ہوتا ہے، اس لیے ہمیں معاشرے میں عدم برداشت کو ختم کرنے کے لیے مثبت سوچ اور بہتر رویے اپنانا ہوں گے۔ "ایک دوسرے کو برداشت کرنا معاشرتی ہم آہنگی کے لیے ضروری ہے اور یہی رویہ ہمیں اپنے روزمرہ زندگی میں اختیار کرنا چاہیے۔"

مریم نواز نے اپنے پیغام میں یہ عزم ظاہر کیا کہ معاشرے کے ہر طبقے کو رواداری اور تحمل کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا، "آج ہم سب اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم برداشت اور رواداری کو بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔"

مریم نواز کا یہ پیغام معاشرے میں امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ایک کوشش ہے، تاکہ ہم سب ایک دوسرے کے ساتھ احترام اور سمجھ بوجھ کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔

مزیدخبریں