بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف انیل چوہان کی بھارتی دفاعی صنعت پر شدید تنقید، "میک اِن انڈیا" کا خواب چکناچور

01:05 PM, 16 Nov, 2025

نئی دہلی : بھارت کے چیف آف ڈیفنس سٹاف (سی ڈی ایس) انیل چوہان نے بھارتی دفاعی صنعت کی کارکردگی پر کھلے عام عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے، جس سے وزیراعظم نریندر مودی کا "میک اِن انڈیا" دفاعی منصوبہ بری طرح ناکام ہوتا نظر آ رہا ہے۔ ان کا یہ بیان اس وقت آیا جب بھارتی فوج نے ہتھیاروں کی فراہمی میں تاخیر اور عدم دستیابی کی شکایات کرنا شروع کر دیں۔

بھارتی جریدے دی پرنٹ کے مطابق انیل چوہان نے کہا کہ بھارتی دفاعی صنعت کو صرف منافع کی نہیں بلکہ حب الوطنی اور قومیت کا جذبہ بھی شامل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ "دفاعی اصلاحات یک طرفہ عمل نہیں ہو سکتیں، صنعت کو اپنی حقیقت بتانی ہوگی۔" ان کا کہنا تھا کہ اگر دفاعی معاہدے کر کے وقت پر سامان فراہم نہ کیا جائے تو یہ نہ صرف ہماری صنعتی صلاحیت بلکہ قومی سلامتی کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

انیل چوہان نے خاص طور پر ان دفاعی کمپنیوں پر تنقید کی جو دعویٰ کرتی ہیں کہ ان کی مصنوعات میں 70 فیصد مقامی مواد استعمال ہو رہا ہے، حالانکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔ ان کے مطابق بھارتی کمپنیاں اربوں روپے حکومتی فنڈز کے طور پر حاصل کر رہی ہیں، مگر پھر بھی جدید ہتھیار اور اسلحہ وقت پر نہیں فراہم کر سکتیں۔

سی ڈی ایس کی یہ سخت تنقید بھارتی دفاعی صنعت کی سست روی اور اندرونی بدانتظامی کو بے نقاب کر رہی ہے۔ یہ صورتحال اس بات کا اشارہ ہے کہ بھارتی فوج کی دفاعی ماڈرنائزیشن اور اس کی اندرونی انتظامی صلاحیت میں سنگین کمی ہے۔

بھارتی حکومت کا دفاعی صنعت کو خود کفیل بنانے کا خواب اس وقت بحران کا شکار ہے، اور انیل چوہان کی تنقید اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ نہ صرف صنعت کی کارکردگی میں مسائل ہیں بلکہ بھارتی فوج کی مایوسی بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دفاعی شعبے میں اندرونی کھوکھلاپن اور ناکامیوں نے بھارت کی فوجی حکمت عملی کو متاثر کیا ہے، جو کہ اس کے خطے میں اثر و رسوخ پر گہرے اثرات ڈال سکتا ہے۔

مزیدخبریں