آزاد کشمیر میں سیاسی کشیدگی بڑھ گئی، اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا

10:59 AM, 16 Nov, 2025

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں سیاسی درجہ حرارت اس وقت بہت زیادہ بڑھ چکا ہے اور آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اہم اجلاس کل طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس دوپہر 3 بجے ہوگا، جس میں نئے قائدِ ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی نے وزیراعظم انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہوئی ہے اور وزارتِ عظمیٰ کے لیے فیصل ممتاز راٹھور کو اپنے امیدوار کے طور پر پیش کیا ہے۔ اس تحریک کی کامیابی کے لیے 27 ارکان کی حمایت درکار ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کو اس وقت 37 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہے، جن میں پیپلز پارٹی کے 17، فارورڈ بلاک کے 11 اور مسلم لیگ ن کے 9 ارکان شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، جموں و کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے ایک، ایک ارکان اور پاکستان تحریک انصاف کے 5 ارکان بھی اس تحریک کی حمایت کر رہے ہیں۔

دوسری طرف، سابق وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید نے کابینہ سے استعفیٰ دے دیا ہے، جس کے بعد وزیراعظم انوارالحق کی حکومت میں شامل ارکان کی تعداد 8 رہ گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کو مزید ارکان کی حمایت حاصل ہو سکتی ہے، جس سے سیاسی منظر نامہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کل کے اجلاس کے بعد آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم تبدیلیاں متوقع ہیں اور اجلاس کے نتائج سے حکومت کا مستقبل واضح ہو جائے گا۔

مزیدخبریں