سٹی کورٹ میں ڈرامائی مناظر؛ کوکین کیس کی ملزمہ انمول پنکی کی چیخ و پکار، پولیس ریمانڈ مانگنے پر فیصلہ محفوظ

12:12 PM, 16 May, 2026

کراچی: کراچی کے پوش علاقوں میں کوکین کی سپلائی کے الزامات میں گرفتار ملزمہ انمول پنکی کی سٹی کورٹ میں پیشی کے موقع پر عدالت جنگ کا میدان بن گئی۔ چہرہ ڈھانپ کر لائی جانے والی ملزمہ نے عدالت کے احاطے میں داخل ہوتے ہی چیخ و پکار شروع کر دی، جبکہ مرد اور خواتین اہلکاروں کے حصار میں ہونے کے باوجود وہاں شدید دھکم پیل دیکھنے میں آئی۔

مقدمے کی سماعت کے دوران جج نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ "ملزم قمر کون ہے اور اس کا کیا کردار ہے؟" جس پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم قمر اس ڈرگ نیٹ ورک کا اہم مہرہ ہے جو فی الحال مفرور ہے۔ پولیس نے عدالت سے استدعا کی  یہ ایک بڑا منشیات کا نیٹ ورک ہے، جس کی تہوں تک پہنچنے اور مفرور ملزم قمر کا سراغ لگانے کے لیے ملزمہ کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے تاکہ تفتیش کا دائرہ آگے بڑھایا جا سکے۔
دوسری طرف، ملزمہ انمول پنکی کے وکیل نے پولیس ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزمہ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، لہٰذا انہیں پولیس کے حوالے کرنے کے بجائے جوڈیشل لاک اپ (جیل) بھیجا جائے۔

عدالت نے پولیس اور دفاعی وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ریمانڈ سے متعلق اپنا فیصلہ کچھ دیر کے لیے محفوظ کر لیا، جو جلد سنایا جائے گا۔

مزیدخبریں