پاکستانی فضائی حدود کی بندش مودی سرکار کو مہنگی پڑ گئی، 'ایئر انڈیا' 2 ارب ڈالر کے تاریخی خسارے کا شکار، بیرونی سرمایہ کاروں کا فرار

12:06 PM, 16 May, 2026

نئی دہلی: مودی حکومت کی پاکستان مخالف اور ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث بھارتی ایوی ایشن انڈسٹری شدید ترین بحران کا شکار ہو گئی ہے، جہاں بھارت کی قومی فضائی کمپنی 'ایئر انڈیا' کا سالانہ خسارہ 2 ارب ڈالر کی خطرناک حد سے تجاوز کر گیا ہے۔ اس بدترین مالی نقصان نے بھارتی معیشت پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور پاکستانی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے ایئر انڈیا کو اپنی پروازوں کے لیے طویل ترین متبادل راستے اختیار کرنے پڑ رہے ہیں۔ ان طویل روٹس کے باعث ایندھن کے اخراجات اور آپریشنل لاگت میں ہونے والے بے پناہ اضافے نے کمپنی کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔

بھارتی ایوی ایشن کی اس تباہ حال صورتحال کا انکشاف ایئر انڈیا کی سب سے بڑی شیئر ہولڈر 'سنگاپور ایئرلائنز' کی سالانہ مالیاتی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ نے مودی سرکار کی گرتی ہوئی ساکھ کا عالمی سطح پر بھانڈا پھوڑ دیا ہے، جس کے بعد بیرونی سرمایہ کار تیزی سے بھارتی مارکیٹ سے اپنا سرمایہ نکال رہے ہیں۔

ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کا پڑوسی ممالک کے ساتھ محاذ آرائی کا رویہ خود بھارت کے لیے معاشی طور پر زہرِ قاتل ثابت ہو رہا ہے، اور جب تک پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، ایئر انڈیا کو اس دلدل سے نکالنا ناممکن ہے۔

مزیدخبریں