سکیورٹی، سائبر کرائم اور سیف سٹی پراجیکٹس میں اشتراک: پاکستان اور مصر کا سیکیورٹی تعاون بڑھانے کا فیصلہ، محسن نقوی کی مصری وفد سے ملاقات

11:45 AM, 16 May, 2026

اسلام آباد: پاکستان اور مصر نے سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے مصر کی وزارتِ داخلہ کے وفد کی ملاقات کے دوران کیا گیا، جس کی قیادت میجر جنرل مجدی ہلال کر رہے تھے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر مملکت طلال چوہدری بھی موجود تھے۔ اس اہم بیٹھک کے دوران دونوں ممالک کے مابین انسدادِ دہشت گردی، انسدادِ منشیات، سائبر کرائم سے نمٹنے اور سیف سٹی کے شعبوں میں باہمی اشتراک کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان اور مصر کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا مصر کے ساتھ تعلقات کو پائیدار اور مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے ایک پاکستانی وفد جلد مصر کا دورہ کرے گا۔

مصری وفد کے سربراہ میجر جنرل مجدی ہلال نے پاکستان کے ساتھ مختلف سیکیورٹی شعبوں میں مل کر کام کرنے اور تجربات سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں