اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ملاقات کی، جس میں پاک بھارت کشیدہ حالات اور دونوں ممالک کے تعلقات پر اثرات پر بات چیت کی گئی۔
پیپلز پارٹی کے ترجمان کے مطابق یہ ملاقات جمعہ کے روز ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک برطانیہ تعلقات کو وسعت دینے، بالخصوص تجارت، سماجی شعبے اور ثقافتی روابط کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس سے پہلے ڈیوڈ لیمی نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ہوئی۔ ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے برطانیہ کی جانب سے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کی کوششوں کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ:"بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف غیر ضروری اور اشتعال انگیز کارروائی کی گئی، جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کے منافی تھی۔"
انہوں نے مزید کہا کہ:"پاکستان نے عالمی اصولوں کے تحت ایک ذمہ دارانہ اور محدود ردعمل دیا، جس میں شہری آبادی کو محفوظ رکھنے کو ترجیح دی گئی۔"
اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ خطے میں امن قائم رکھنے اور بھارت کو بین الاقوامی قوانین کا پابند بنانے میں کردار ادا کرے۔