یومِ تشکر اور معرکہ حق کی تقریبات : وزیراعلیٰ مریم نواز کی وزراء کے ہمراہ پرچم کشائی

02:35 PM, 16 May, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں یومِ تشکر اور معرکۂ حق و باطل کی تقریبات بھرپور عقیدت، قومی جذبے اور جوش و خروش سے منائی جا رہی ہیں۔ یہ تقریبات نہ صرف افواجِ پاکستان کی کامیابی پر شکرانے کا اظہار ہیں بلکہ شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک قومی عہد بھی ہیں۔

تقریبات کا آغاز وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے پرچم کشائی سے ہوا، جس میں صوبائی وزراء، مشیران، اعلیٰ سرکاری افسران اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔ تقریب میں قومی ترانہ پیش کیا گیا، شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کی گئیں اور قومی پرچم کو سلامی دی گئی۔

صوبے بھر کی مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملک کی سلامتی، امن اور شہداء کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ قرآن خوانی اور "آپریشن بنیان مرصوص" کے شہداء کے لیے دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔ بھارتی جارحیت میں زخمی ہونے والے افسران، جوانوں اور عام شہریوں کی صحتیابی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں شہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے گئے، سرکاری اور نجی عمارتوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا، اور جگہ جگہ خصوصی تقریبات اور ریلیوں کا انعقاد ہوا۔ اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بھی وطن سے محبت اور افواجِ پاکستان سے یکجہتی کے اظہار پر مبنی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں قوم کو کامیابی کی مبارکباد دی اور کہا کہ پاک فضائیہ کے جانبازوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص ہماری نڈر قیادت، بہادر افواج اور عوام کے اتحاد کا مظہر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن جارحیت کی صورت میں دشمن کو بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

مزیدخبریں