اسلا م آباد : وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کے شہید افسر، سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے شہید کی وطن سے محبت، بہادری اور فرض کی ادائیگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف نے معرکۂ حق میں جس بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے جانبازوں کی قربانیاں وطن کی سلامتی کی ضمانت ہیں۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی شہید کے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ ملک اپنے سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گا، اور ریاست ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی شہید کے گھر جا کر تعزیت کی اور کہا کہ پوری قوم اپنے ان بہادر بیٹوں کی قربانیوں پر ناز کرتی ہے، جنہوں نے مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
یہ یاد رہے کہ سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف 7 اور 8 مئی کی شب بھارت کی جانب سے ہونے والے حملے کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔ ان کی شہادت نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ پاکستان کے محافظ اپنی جانیں قربان کر کے قوم کی حفاظت کرتے ہیں۔ قوم اپنے اس سپوت کو سلام پیش کرتی ہے اور شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ اس غم میں برابر کی شریک ہے۔