امریکہ اور چین کے تجارتی معاہدے سے دنیا کے دس ارب پتیوں کی دولت میں 84 ارب ڈالر کا اضافہ

01:43 PM, 16 May, 2025

واشنگٹن : امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی معاہدے پر اتفاق ہوتے ہی دنیا کے دس امیر ترین افراد کی دولت میں ایک ہی رات میں 84 ارب ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔ اس معاہدے سے سب سے زیادہ فائدہ ٹیکنالوجی کی دنیا سے وابستہ ارب پتیوں کو ہوا۔

سابق فیس بک کے شریک بانی اور میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ کی دولت میں 16.1 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جب کہ ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کی دولت میں 14.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کی دولت میں بھی 14.5 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، کیونکہ اسٹاک مارکیٹ میں معمولی تبدیلیاں ان کی دولت پر بڑا اثر ڈالتی ہیں۔

اس فہرست میں زیادہ تر ٹیکنالوجی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد تھے، لیکن فرانس کے ارب پتی برنارڈ آرنو کی دولت میں بھی 7.1 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ بھارت کے ارب پتی مکیش امبانی اور گوتم اڈانی نے بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ صلح کے نتیجے میں اپنی دولت میں بالترتیب 4.42 ارب ڈالر اور 5.31 ارب ڈالر کا اضافہ کیا۔ اس تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھانے والوں میں انویڈیا، اوریکل اور الفابیٹ جیسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ارب پتی افراد بھی شامل تھے۔

مزیدخبریں