نئی دہلی: ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی حمایت پر بھارت نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ترک ایئرپورٹ سروس کمپنی "سیلیبی" کی سیکیورٹی کلیئرنس ختم کر دی ہے۔ اب یہ کمپنی بھارت کے ہوائی اڈوں پر کام نہیں کر سکے گی۔
بھارتی وزارتِ شہری ہوابازی نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ قومی سلامتی کے تحت کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی بتایا گیا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکی اور آذربائیجان نے پاکستان کا ساتھ دیا، جس پر بھارت میں ناراضی پائی جا رہی ہے۔
اسی وجہ سے کئی بھارتی شہری ترکی اور آذربائیجان کا سفر منسوخ کر رہے ہیں۔ دہلی ایئرپورٹ انتظامیہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ سیلیبی کے ساتھ معاہدہ ختم کر کے اب وہ AISATS اور Brid Group کے ساتھ کام کریں گے۔
بھارت کے نائب وزیرِ ہوابازی مرلی دھر موہول کا کہنا ہے کہ انہیں ملک بھر سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ سیلیبی پر پابندی لگائی جائے۔ فی الحال سیلیبی کمپنی نے بھارتی حکومت کے اس فیصلے پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔