یومِ تشکر: صدر اور وزیراعظم کا قوم اور افواج کو سلام

10:35 AM, 16 May, 2025

اسلام آباد: یومِ تشکر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے تاریخی فتح پر قوم اور مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ "اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ایک نازک وقت میں ہمیں کامیابی عطا ہوئی۔ یہ صرف افواجِ پاکستان کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جیت ہے۔" انہوں نے کہا کہ جب دشمن نے حملہ کیا تو پوری قوم ایک دیوار بن کر پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہو گئی۔ "مجھے اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، جنہوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔"

صدر نے یہ بھی یاد دلایا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے حملہ کیا تھا، جس میں کئی معصوم پاکستانی شہید ہوئے، لیکن دنیا نے دیکھا کہ بڑے دشمن کو صرف چند گھنٹوں میں پسپا ہونا پڑا۔ "آج ہم شکر ادا کر رہے ہیں کہ اللہ نے ہمیں سرخرو کیا۔"

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ "جو جنگی طیارے بھارت کا غرور تھے، آج وہ مٹی میں مل چکے ہیں اور عبرت کی مثال بن گئے ہیں۔ ہمارے شاہینوں نے دشمن کو ایسا جواب دیا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔"

وزیراعظم نے کہا کہ "ہماری بہادر افواج نے جو کارنامہ انجام دیا، وہ عسکری تاریخ کا سنہرا باب ہے۔ پوری قوم کی طرف سے جنرل عاصم منیر اور ان کی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں۔"

آج یومِ تشکر کے موقع پر ملک بھر میں دعاؤں، تقریبات اور قومی جذبے کے مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر مرکزی تقریب جاری ہے جہاں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت شریک ہے۔

مزیدخبریں