صنفی برابری کی جانب پیش رفت، خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت میں نمایاں اضافہ

12:15 AM, 16 May, 2025

اسلام آباد: پاکستان میں ڈیجیٹل شمولیت کے سفر میں سال 2024 ایک اہم کامیابی کے طور پر سامنے آیا ہے۔ جی ایس ایم اے اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق ملک میں خواتین کے موبائل انٹرنیٹ استعمال میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے، جس سے صنفی فرق میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سال 2023 میں موبائل انٹرنیٹ کے استعمال میں صنفی فرق 38 فیصد تھا، جو 2024 میں کم ہو کر 25 فیصد رہ گیا ہے۔ یہ اعداد و شمار اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان میں خواتین کی ڈیجیٹل رسائی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

دنیا کے 80 ممالک پر کیے گئے سروے میں پاکستان نے سب سے زیادہ سالانہ بہتری حاصل کی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مثبت تبدیلی گزشتہ چند برسوں میں خواتین کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی تک بڑھتی رسائی کا نتیجہ ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق 2024 کے دوران 80 لاکھ خواتین اور 50 لاکھ مردوں نے پہلی بار موبائل انٹرنیٹ کا استعمال شروع کیا۔ یہ پیش رفت مختلف حکومتی اداروں اور نجی شعبے کی ہم آہنگ کوششوں کا ثبوت ہے۔

حکام کے مطابق یہ کامیابی صرف انٹرنیٹ رسائی میں اضافے تک محدود نہیں بلکہ یہ پاکستان میں ڈیجیٹل بااختیاری، برابری اور ترقی کی جانب ایک مضبوط قدم ہے۔

مزیدخبریں