این ڈی ایم اے کا سندھ میں بارشوں کا الرٹ جاری

10:18 PM, 16 Jun, 2026

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہلکی بونداباندی اور ابر آلود موسم کی پیشگوئی کی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران سندھ کے متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

جن اضلاع میں بارش متوقع ہے ان میں جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، شکارپور، شہید بینظیر آباد اور نواب شاہ شامل ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی کے لیے تازہ موسمی صورتحال جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں رات کے وقت مختلف علاقوں میں ہلکی بونداباندی کا امکان موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ اور جمعرات کے دوران کراچی کا موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی بارش یا بونداباندی ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس صورتحال کے باعث شہر میں گرمی کی شدت میں معمولی کمی آنے کا امکان ہے۔

پیشگوئی میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاط برتیں اور سرکاری موسمی اپڈیٹس سے باخبر رہیں۔
 
 
 

مزیدخبریں