ہالا روڈ گرڈ سٹیشن حادثہ: این جی سی کی فوری کارروائی، حیدرآباد میں بجلی کی سپلائی بحال

05:38 PM, 16 Jun, 2026

لاہور: نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) کے مطابق حیدرآباد کے ہالا ناکہ میں واقع 220 کے وی ہالا روڈ گرڈ سٹیشن پر آٹو ٹرانسفارمر میں آتشزدگی کے بعد بجلی کی فراہمی معمول پر بحال کر دی گئی ہے۔

این جی سی ترجمان کے مطابق واقعہ منگل کی صبح 6 بج کر 5 منٹ پر پیش آیا، جس کے باعث حیدرآباد کے بعض علاقوں میں عارضی طور پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ واقعے کے فوری بعد متاثرہ 250 ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر (ٹی-1) کو حفاظتی اقدامات کے تحت سسٹم سے الگ کر دیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ این جی سی کی فیلڈ ٹیموں نے فوری اقدامات کرتے ہوئے متبادل انتظامات کے ذریعے گرڈ سٹیشن کو دوبارہ فعال کیا، جبکہ دوپہر 12 بج کر 15 منٹ پر تمام متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی۔

این جی سی کے مطابق دیگر پاور ٹرانسفارمرز اور 132 کے وی بس بارز کو بھی چارج کر دیا گیا ہے اور حیسکو کا بجلی کی تقسیم کا نظام معمول کے مطابق جاری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ فائر فائٹنگ اداروں اور ریسکیو سروسز کے تعاون سے آگ پر بروقت قابو پایا گیا۔ واقعے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔

مزیدخبریں