اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان جاری حساس صورتحال کے تناظر میں پاکستان نے محتاط سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان اس معاملے میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور تمام رابطوں کو انتہائی رازداری کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کا یقین عوامی بیانات اور فوری سفارتی ردعمل کے بجائے خاموش اور مؤثر سفارت کاری پر ہے۔ پیچیدہ علاقائی معاملے میں رابطہ کاری کا عمل مکمل احتیاط کے ساتھ جاری ہے تاکہ مثبت پیش رفت کی راہ ہموار کی جا سکے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اس عمل کی قیادت کر رہے ہیں، جبکہ فیلڈ مارشل کی ترجیح خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کا قیام ہے۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ موجودہ صورتحال کا حل مذاکرات، رابطوں اور سفارتی کوششوں کے ذریعے ممکن ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی کوشش ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان موجود اختلافات کو کم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کیا جائے۔