گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبہ، وفاقی حکومت اخراجات برداشت کرے گی

12:28 PM, 16 Jun, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں گلگت بلتستان کے لیے 100 میگاواٹ سولر پاور منصوبے کا جائزہ لیا گیا، جس میں منصوبے کی پیش رفت اور تکمیل کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں شمسی توانائی کے اس منصوبے پر آنے والے تمام اخراجات وفاقی حکومت ادا کرے گی۔ وزیراعظم نے منصوبے کو اہم قرار دیتے ہوئے اس پر کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبہ جلد مکمل کیا جائے تاکہ گلگت بلتستان میں توانائی کی ضروریات بہتر انداز میں پوری کی جا سکیں۔

وزیراعظم نے منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے غیر جانبدار تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرانے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں متعلقہ حکام نے سولر منصوبے کے تکنیکی، مالی اور انتظامی پہلوؤں سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

مزیدخبریں