ایران کا اسرائیل پر بڑا میزائل حملہ، 7 اسرائیلی ہلاک اور 67 زخمی

10:03 AM, 16 Jun, 2025

تہران :ایران نے اسرائیل کے مختلف شہروں پر ایک اور بڑا حملہ کیا، جس میں تقریباً 100 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ ان حملوں کے نتیجے میں اسرائیل کے کئی بڑے شہر شدید متاثر ہوئے۔ وسطی اسرائیل میں بجلی بند ہو گئی اور حیفہ شہر مکمل طور پر اندھیرے میں ڈوب گیا۔ کئی عمارتیں میزائلوں سے ٹکرا کر تباہ ہو گئیں۔

اس تازہ حملے میں کم از کم 7 اسرائیلی ہلاک ہوئے جبکہ 67 زخمی ہو گئے۔ ایرانی میزائل اسرائیلی دفاعی نظام کو چکمہ دے کر شہری علاقوں تک پہنچ گئے۔ حیفہ کے پاور پلانٹ میں بھی آگ لگ گئی، اور تل ابیب سمیت دیگر شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔

اسرائیل اور ایران نے اپنے شہریوں کے لیے نئی حفاظتی ہدایات جاری کی ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ لڑائی میں مزید شدت آ سکتی ہے۔ ایران نے اسرائیل کے کئی اہم مقامات کو نشانہ بنایا، جب کہ اسرائیل نے جواباً ایرانی شہر تہران اور دیگر اہم علاقوں پر حملے کیے۔

اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق، شمالی اور وسطی اسرائیل میں ہونے والے حملوں میں 67 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیل نے ملک بھر میں ہنگامی صورتحال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اور وزیراعظم نیتن یاہو نے تل ابیب میں تباہ شدہ علاقوں کا دورہ کیا۔

مزیدخبریں