سونے کی قیمت میں پھر اضافہ، فی تولہ نرخ 4 لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کر گئے

05:14 PM, 16 Jul, 2026

کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ سامنے آیا ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فی تولہ سونا 400 روپے مہنگا ہوگیا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 25 ہزار 436 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کے نرخ میں بھی 343 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت بڑھ کر 3 لاکھ 64 ہزار 742 روپے ہوگئی۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس نرخ 4 ڈالر بڑھ کر 4 ہزار 30 ڈالر تک پہنچ گئے۔

دوسری جانب عالمی سطح پر چاندی کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی اونس چاندی 1.34 ڈالر سستی ہو کر 56.76 ڈالر پر آگئی۔ پاکستان میں بھی چاندی کے دام کم ہوئے، جہاں فی تولہ قیمت 134 روپے کمی کے بعد 6 ہزار 155 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام چاندی 115 روپے کی کمی سے 5 ہزار 276 روپے کی سطح پر آگئی۔

صرافہ مارکیٹ کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیاں براہ راست مقامی مارکیٹ پر اثر انداز ہو رہی ہیں، جس کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ جاری ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق سونے کی قیمت میں اضافے کے پیچھے عالمی سطح پر قیمتوں میں بڑھوتری، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، دنیا بھر میں جاری معاشی اور سیاسی بے یقینی سمیت سرمایہ کاروں کا سونے کو محفوظ سرمایہ کاری کا ذریعہ سمجھنا اہم عوامل ہیں۔
 

مزیدخبریں