وزیراعظم نے قومی ایئر لائن کی برطانیہ کیلئے پروازوں کی بحالی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیدیا

03:05 PM, 16 Jul, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کی برطانیہ کیلئے پروازوں کی بحالی کو پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ان ہزاروں پاکستانیوں کے لیے خوشی کا پیغام لایا ہے جو برسوں سے اپنے پیاروں سے دوبارہ ملنے کے انتظار میں تھے۔

وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر لکھا "الحمدللہ! پی آئی اے کی برطانیہ کے آسمانوں پر واپسی ہو چکی ہے۔ یہ ایک ایسا لمحہ ہے جو خاندانوں کو قریب لائے گا اور نئے مواقع پیدا کرے گا۔"

انہوں نے ماضی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ غیر ذمہ دارانہ بیانات نے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، جس کی وجہ سے قومی ایئر لائن کو برسوں تک یورپ اور برطانیہ کے فضائی راستوں سے محروم ہونا پڑا۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ پیش رفت نہ صرف سفری سہولتوں میں بہتری لائے گی بلکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں بھی نئی جان ڈالے گی۔

انہوں نے اس کامیابی پر نائب وزیراعظم، وزیر دفاع، ایوی ایشن ٹیم اور دیگر تمام اداروں کی محنت کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ برطانیہ نے حال ہی میں پاکستانی ایئرلائنز پر عائد طویل پابندیاں ختم کر دی ہیں اور پاکستان کا نام ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔ برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے فضائی تحفظ کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے، جسے تسلیم کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔

مزیدخبریں