اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کر دیا ہے کہ اب حکومت میں صرف وہی لوگ رہیں گے جو کام کریں گے۔ کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ ہر دو ماہ بعد تمام وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ جو وزیر اچھا کام کرے گا، اسے سراہا جائے گا، لیکن جس کی کارکردگی کمزور ہوگی، اس سے جواب طلبی کی جائے گی اور اگر ضرورت پڑی تو کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت صرف اصل کام کو ترجیح دے گی، دکھاوے یا جھوٹے تاثر کی اب کوئی جگہ نہیں۔ "ہم صرف قوم کی خدمت چاہتے ہیں، جو معیار پر پورا اترے گا وہ ہمارے لیے قابلِ احترام ہے، اور جو نہیں اترے گا اسے سمجھایا جائے گا،" ان کا کہنا تھا۔
وزیراعظم نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے پُرامن انعقاد پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں، وزیر داخلہ محسن نقوی، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب قومی اتحاد، بھائی چارے اور مشترکہ محنت کی بدولت ممکن ہوا۔
انہوں نے حالیہ بارشوں کے دوران پیش آنے والے حادثات پر افسوس کا اظہار کیا، خاص طور پر سوات کے واقعے کو "دل دہلا دینے والا" قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ان حالات سے سبق سیکھنا ہوگا اور آئندہ کے لیے مکمل تیاری کرنی ہوگی تاکہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔
وزیراعظم نے خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو اس بات پر سراہا کہ ترقیاتی بجٹ 10 کھرب روپے سے بڑھ گیا ہے، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔