ایران کا بحران: داخلی بے چینی یا عالمی سازش؟

09:05 AM, 16 Jan, 2026

یہ درست ہے کہ ایران ملک گیر احتجاجوں اور خوفناک آتشیں ہنگاموں پر قابو پاتا ہوا نظر آ رہا ہے تاہم اب بھی ایران نہایت نازک اور فیصلہ کن مرحلے سے گزر رہا ہے۔ احتجاج، معاشی دباو¿، سیاسی بے چینی اور عالمی تنہائی نے ایرانی ریاستی ڈھانچے کو شدید آزمائش میں ڈال دیا ہے۔ یہ بحران محض وقتی ردِعمل نہیں بلکہ دہائیوں سے جمع ہونے والے داخلی تضادات اور خارجی دباو¿ کا مجموعی نتیجہ ہے۔ یہ صورتحال امریکہ، اسرائیل اور مغربی اتحاد کی منظم سازشوں کا نتیجہ بھی ہے اور اس کے پیچھے ایران کے سماجی، سیاسی اور معاشی عوامل بھی کارفرما ہیں۔ اگر خدانخواستہ ایران میں نظامِ حکومت کی تبدیلی ہوتی ہے تو اس کے بہت گہرے داخلی، علاقائی اور فرقہ وارانہ اثرات مرتب ہوں گے۔
ایک جانب ٹرمپ نے ایرانیوں کو بہادر قوم کہہ کر مہنگائی اور شخصی آزادیوں کے نام پر اپنے بزرگ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے خلاف بغاوت پر اکسانا شروع کر دیا ہے تو دوسری جانب انہی ایرانیوں کو معاشی دباو¿ سے نکالنے کی بجائے ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف عاید کر دیا ہے تاکہ وہ ایران سے تجارت سے گریز کریں اور ایرانی مسلسل اقتصادی دباﺅ سے نکل نہ سکیں۔ اگر ٹرمپ ایرانی قوم کے لیے نرم گوشہ رکھتا ہے تو اسے ایرانی قوم کیلئے اقتصادی آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں نہ کی انکی معیشت کے راستے مزید مسدود کر کے رکھ دے۔ ایرانی قوم ٹرمپ کی اس فنکاری کو خوب سمجھتی ہے۔
ایران میں موجودہ بحران کی بنیادی جڑیں داخلی ہیں۔ سب سے بڑا مسئلہ معاشی بدحالی ہے۔ امریکی پابندیوں، تیل کی برآمدات میں کمی، کرنسی کی قدر میں شدید گراوٹ، مہنگائی اور بے روزگاری نے عام ایرانی شہری کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ نوجوان طبقہ، جو آبادی کی اکثریت پر مشتمل ہے، روزگار، اظہارِ رائے اور سماجی آزادیوں کی کمی پر سخت مایوس ہے۔ خواتین کے حقوق، لباس سے متعلق سخت قوانین، اور سماجی کنٹرول نے بھی ریاست اور معاشرے کے درمیان خلیج کو وسیع کیا ہے۔
سیاسی سطح پر طاقت کا ارتکاز مذہبی اشرافیہ کے ہاتھ میں ہے، جہاں منتخب اداروں کے مقابلے میں غیر منتخب مذہبی ادارے زیادہ بااختیار ہیں۔ احتساب کا مو¿ثر نظام نہ ہونا، بدعنوانی کے الزامات، اور فیصلہ سازی میں شفافیت کی کمی عوامی غصے کو مزید بھڑکا رہی ہے۔ یہی داخلی عوامل احتجاج کو محض معاشی مطالبات سے نکال کر سیاسی مزاحمت میں بدل رہے ہیں۔
یہ حقیقت ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور بعض مغربی طاقتیں ایرانی مذہبی نظام کو اپنے مفادات کے خلاف سمجھتی ہیں۔ ایران کا جوہری پروگرام، اسرائیل مخالف پالیسی، اور مشرقِ وسطیٰ میں اثر و رسوخ نے مغرب کو ہمیشہ تشویش میں مبتلا رکھا ہے۔ اقتصادی پابندیاں، سفارتی تنہائی، اور میڈیا کے ذریعے دباو¿ اسی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں۔
تاہم یہ کہنا کہ ایران میں جاری بحران مکمل طور پر بیرونی سازش کا نتیجہ ہے، زمینی حقائق سے صرفِ نظر کے مترادف ہوگا۔ بیرونی قوتیں موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں، مگر آگ اندر سے بھڑک چکی ہے۔ داخلی عدم اطمینان وہ ایندھن ہے جس کے بغیر کوئی خارجی مداخلت مو¿ثر نہیں ہو سکتی۔
ایران میں اچانک یا غیر منظم نظامی تبدیلی کے نتائج نہایت سنگین ہو سکتے ہیں۔ سب سے بڑا خطرہ ریاستی اداروں کا کمزور ہونا اور داخلی انتشار ہے۔ لیبیا، عراق اور شام کی مثالیں واضح کرتی ہیں کہ نظام کے انہدام کے بعد طاقت کا خلا جنم لیتا ہے، جسے شدت پسند گروہ، علیحدگی پسند تحریکیں اور بیرونی قوتیں پ±ر کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
ایران ایک کثیر النسلی اور کثیر الثقافتی ملک ہے، جہاں کرد، بلوچ، عرب اور آذری اقلیتیں آباد ہیں۔ نظامی کمزوری کی صورت میں نسلی و لسانی کشیدگیاں شدت اختیار کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ فرقہ وارانہ توازن بھی بگڑنے کا خدشہ ہے، جس کے اثرات پورے خطے میں پھیل سکتے ہیں۔
یہ سب سے پیچیدہ سوال ہے کہ مذہبی نظام کے بعد ایران کی قیادت کون سنبھالے گا؟ فی الحال کوئی متحد، منظم اور عوامی سطح پر قابلِ قبول متبادل قیادت نظر نہیں آتی۔ جلا وطن اپوزیشن منتشر ہے، اندرونِ ملک اصلاح پسند کمزور ہیں اور سیکولر قوتوں کی جڑیں عوام میں گہری نہیں۔
اگر تبدیلی آتی بھی ہے تو اس کا امکان ہے کہ ایک عبوری، غیر مستحکم نظام قائم ہو، جو طاقت کے مختلف مراکز کے درمیان کشمکش کا شکار رہے۔ فوج یا پاسدارانِ انقلاب کا کردار فیصلہ کن ہو سکتا ہے، جو صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دے گا۔
ایران میں عدم استحکام پورے مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کو متاثر کرے گا۔ عراق، شام، لبنان اور یمن میں طاقت کا توازن بدل سکتا ہے۔ خلیجی ریاستیں وقتی طور پر سکھ کا سانس لے سکتی ہیں، مگر طویل المدت عدم استحکام ان کے لیے بھی خطرناک ہوگا۔ پاکستان کے لیے ایران کا استحکام نہایت اہم ہے۔ سرحدی سلامتی، توانائی تعاون، تجارت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی براہِ راست متاثر ہو سکتی ہے۔ ایران میں فرقہ وارانہ تصادم یا ریاستی کمزوری کے اثرات پاکستان کے داخلی امن کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
بیرونی دباو¿ یا زبردستی کی گئی نظامی تبدیلیاں اکثر الٹا نتائج دیتی ہیں۔ ایران میں بھی اگر تبدیلی عوامی اتفاقِ رائے، تدریجی اصلاحات اور داخلی مفاہمت کے بغیر ہوئی تو یہ نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے کے لیے تباہ کن ہو سکتی ہے۔ مذہبی نظام کی خامیوں کے باوجود، اس نے ایک ریاستی تسلسل اور علاقائی توازن کو قائم رکھا ہے۔
ایران کا موجودہ بحران نہ سادہ ہے اور نہ یک ر±خی۔ یہ داخلی ناکامیوں اور خارجی دباو¿ کا مرکب ہے۔ اس کا حل مکمل نظامی انہدام نہیں بلکہ تدریجی، بامقصد اور جامع اصلاحات میں مضمر ہے، جہاں عوامی مطالبات کو سنا جائے، سیاسی شمولیت بڑھائی جائے، اور معیشت کو عالمی نظام سے جوڑا جائے۔ اگر ایران تصادم کے راستے پر گیا تو نقصان صرف ایران تک محدود نہیں رہے گا؛ فرقہ وارانہ تقسیم، علاقائی کشیدگی اور عالمی عدم استحکام میں اضافہ ہوگا۔ دانشمندی اسی میں ہے کہ ایران کے اندر تبدیلی کا عمل ایرانی عوام کی قیادت میں، پرامن اور تدریجی ہو کیونکہ زبردستی کی گئی تبدیلی اکثر انقلاب نہیں، بلکہ انتشار کو جنم دیتی ہے۔

مزیدخبریں