ملتان : موٹروے ایم-4 خانیوال سے ملتان تک اور ایم-5 ملتان سے روہڑی تک دھند کی شدت کے باعث بند کر دی گئی ہیں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد نے عوام سے درخواست کی ہے کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔
موٹروے پولیس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں، کیونکہ دھند میں صبح 10 بجے سے لے کر شام 6 بجے تک سفر کرنا زیادہ محفوظ ہے۔
ڈرائیوروں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے بچیں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں۔ عوام کے لیے اضافی سہولت کے طور پر ہیلپ لائن 130 پر رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
موٹروے پولیس نے مسافروں کو تاکید کی کہ وہ ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی حفاظت کو ترجیح دیں تاکہ دھند کے موسم میں حادثات سے بچا جا سکے۔ ترجمان نے اس سلسلے میں مستقل نگرانی اور ہنگامی اقدامات کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔