’40 منٹ وائرل ویڈیو‘ کا جعلی ٹرینڈ، سائبر ماہرین نے صارفین کو خبردار کر دیا

04:47 PM, 16 Dec, 2025

کیلیفورنیا:انٹرنیٹ صارفین گوگل پر ’40 منٹ کی وائرل ویڈیو‘ تلاش کر رہے ہیں، لیکن ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس کا کوئی حقیقی وجود نہیں اور یہ محض جعلی کلک بیٹ ہے۔

سائبرسیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے لنکس پر کلک کرنا آپ کی ذاتی معلومات کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ بعض اوقات صارفین کے ڈیوائسز پر مالویئر انسٹال ہو جاتا ہے یا جعلی ویب سائٹس پر ری ڈائریکٹ کیا جاتا ہے جو اشتہارات کے ذریعے پیسے کماتی ہیں۔

یہ ٹرینڈ پچھلی ’19 منٹ 34 سیکنڈ کی مبینہ وائرل ویڈیو‘ سے پیدا ہوا، جس کے بعد کچھ صارفین نے اس کو لمبا کر کے ’40 منٹ کی ویڈیو‘ کے نام سے تلاش کرنا شروع کیا۔ سائبر ماہرین نے واضح کیا کہ یہ دعوے جھوٹے ہیں اور صارفین کو قانونی مسائل میں بھی مبتلا کر سکتے ہیں۔

بھارتی سائبر ایجنسی این سی بی کے افسر امیت یادو کے مطابق یہ ویڈیوز اکثر مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے بنائی جاتی ہیں اور اس سے جڑے لنکس پر کلک کرنے سے قانونی خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

ماہرین نے صارفین کو ہدایت دی کہ وہ اس طرح کے مشکوک مواد سے مکمل پرہیز کریں اور صرف تصدیق شدہ ذرائع سے معلومات حاصل کریں تاکہ ڈیجیٹل حفاظت برقرار رہے۔

مزیدخبریں