کوئٹہ:بلوچستان میں بھارت کی خفیہ ایجنسی را (RAW) کی مبینہ مداخلت اور پروپیگنڈا مہم کا ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ، جو خود کو ’’پیج 3 نیوز تھائی‘‘ کے نام سے ظاہر کرتا ہے، دراصل بھارت سے چلایا جا رہا ہے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ اکاؤنٹ جعلی شناخت ’’میر یار بلوچ‘‘ کے ذریعے بیانات اور پیغامات شائع کرتا رہا، جن میں بلوچستان سے متعلق من گھڑت دعوے، تاریخی حقائق میں تحریف اور بھارتی بیانیے کی تشہیر شامل ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس اکاؤنٹ کے ذریعے بلوچ شناخت کو مبینہ طور پر دہشت گردی اور انتشار کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ حال ہی میں بین الاقوامی سامعین کے لیے اسی اکاؤنٹ سے ایک طویل پیغام بھی جاری ہوا، جسے ماہرین نے بھارتی ایجنڈے پر مبنی قرار دیا ہے۔
تکنیکی شواہد سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اکاؤنٹ بھارت سے تھائی لینڈ کے وی پی این کے ذریعے چلایا جا رہا تھا، تاکہ اصل مقام چھپایا جا سکے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی آن لائن سرگرمیاں بلوچستان میں بدامنی اور پاکستان مخالف پروپیگنڈا میں بھارتی کردار کو واضح کرتی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں غیر مقامی افراد کے قتل کے متعدد واقعات میں بعض لسانی تنظیمیں بھی ملوث رہی ہیں، اور سوشل میڈیا کے ذریعے ان واقعات کو ہوا دی جاتی رہی ہے۔