بلوچستان حکومت کا دہشتگردی کے خلاف سخت کارروائی کا عزم، خواتین کو نشانہ بنانے کی مذمت

03:33 PM, 16 Aug, 2026

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے اور دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

صوبائی وزیر راحیلہ حمید نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد عام شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ دہشتگرد خواتین کو قتل کرکے اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتے اور چادر و چار دیواری کی پامالی کرکے خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں۔

راحیلہ حمید نے کہا کہ غیور بلوچوں کا دہشتگردوں سے کوئی تعلق نہیں، سکیورٹی فورسز جانفشانی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کررہی ہیں۔ بلوچستان میں دہشتگردی کا خاتمہ کرکے امن، ترقی، خوشحالی اور تعلیم کو فروغ دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر مینا مجید بلوچ نے کہا کہ صوبے کے امن کے خلاف سازش کرنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ کسی آلہ کار کو بلوچستان کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دہشتگردوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے اور ان کا بیانیہ اب نہیں بکے گا۔

ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے کہا کہ خواتین پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سب کو کھڑا ہونا ہوگا۔ خواتین کو قتل کرنے والے دہشتگردوں کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ بلوچستان حکومت امن، ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

مزیدخبریں