خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے سیلابی تباہی، ہلاکتیں 320 سے زائد ہوگئیں

11:22 AM, 16 Aug, 2025

پشاور:خیبرپختونخوا میں حالیہ طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے، جس کے باعث اب تک 320سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں
سب سے زیادہ نقصان ضلع بونیر میں ہوا جہاں 184 افراد جاں بحق ہوئے۔ دیگر متاثرہ اضلاع میں شانگلہ، مانسہرہ، سوات، باجوڑ، بٹگرام اور دیر شامل ہیں۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سیلابی ریلوں اور بارشوں کے باعث متعدد مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں 11 مکمل تباہ اور 63 کو جزوی نقصان ہوا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ 23 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر متاثرین کے لیے فوری امدادی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں، اور تمام متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم کے مطابق اب تک 185 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، اور متعدد افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ موسمی ماہرین کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر عوام کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 سے رابطہ کریں۔

مزیدخبریں